کراچی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کو جعلی اکاونٹ کیس میں چار دسمبر کو طلب کرلیا، قائم علی شاہ نے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کو طلب کرلیا، قائم علی شاہ کو جعلی اکاونٹ کیس میں طلب کیا گیا ہے، نوٹس میں قائم علی شاہ کو چار دسمبر نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
یاد رہے رواں سال ستمبر میں سندھ ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کے خلاف انکوائری کی درخواست نمٹا دی تھی ، وکیل نیب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف شواہد نہیں ملے، قائم علی شاہ کے خلاف غیرقانونی الاٹمنٹ کی انکوئری ختم کردی ہے۔
مزید پڑھیں : عدالت نے قائم علی شاہ کے خلاف انکوائری کی درخواست نمٹا دی
خیال رہے رواں سال جون میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے مرادعلی شاہ اورقائم علی شاہ کیخلاف انکوائری انویسٹی گیشن میں تبدیل کی تھی اور چیئرمین نیب نے منظوری دی تھی
سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اپنا بیان نیب کو ریکارڈ کرا چکے ہیں، بعد ازاں سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ، درخواست مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار کا منی لانڈرنگ سے کوئی لینا دینا نہیں سیاسی بنیادوں پر نام شامل کیا گیا اور استدعا کی جب تک کیس کی سماعت مکمل نہیں ہوجاتی قائم علی شاہ کو گرفتار نہ کیا جائے۔
جس پر عدالت نے قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت منظور کرلی تھی۔