لاہور : نیب لاہور کی ٹیم ایون فیلڈ کیس میں اہم گواہ کا بیان قلم بند کرنے لندن جائے گی اور مقدمے سے متعلق اہم شواہد اور دستاویزات بھی حاصل کیئے جائیں گے.
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور ٹیم پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے لندن جائے گی جہاں اہم گواہ سے اہم کاغذات اور شواہد اکھٹے کیئے جائیں گے جس کے بعد اس کیس میں اہم پیشرفت کے رونما ہونے کی امید کی جارہی ہے.
ذرائع کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز نے لاہور ٹیم کو لندن جانے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد نیب لاہور کی ٹیم پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے لندن جائے گی.
خیال رہے نیب لاہور کے 3 افسران ایون فیلڈ کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں جو پاناما کیس کے تناظر میں اپنی تفتیش کو تیزی سے منطقی انجام تک پہنچا رہے ہیں.
نیب لاہور کے تین افسران پر مشتمل یہ ٹیم لندن کا دوری کر کے نہ صرف یہ کہ گواہ سے ملاقات کرے گی بلکہ اس مقدمے سے جڑے اہم دستاویزی ثبوت بھی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی.
یاد رہے پاناما کیس میں نیب کو بھیجے گئے ریفرنسسز کی سماعت جاری ہے جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر پیش ہو چکے ہیں جب کہ حسین و حسن نواز تاحال لندن میں مقیم ہیں.