لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس دائر کرنے کی تیاری شروع کردی، نیب ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ،آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انویسٹی گیشن کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے اور آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس دائر کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب لاہور ریفرنس دائرکرنےکی سمری نیب ہیڈکوارٹربھجوائےگا اور نیب ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف 9 جون کو پیش ہوتے ہیں تو بیان رپورٹ میں شامل کیا جائے گا۔
یاد رہے نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو9جون کوطلب کرتے ہوئے تمام مطلوبہ ریکارڈ ساتھ لیکر آنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں : نیب نے شہباز شریف کو 9 جون کو دوبارہ طلب کرلیا
شہباز شریف سےاہلخانہ کودیے گئےتحائف کےتفصیلات طلب کی گئی ہیں جبکہ نیب کی جانب سے سوال کیا گیا ہے کہ ماڈل ٹاون 180 ایچ کس حیثیت میں اورکتنےعرصے وزیر اعلی کیمپ آفس رہا ،کیمپ آفس پراٹھنےوالےاخراجات کس مدمیں ادا کیے گئے۔
نیب نے شہباز شریف اور اہلخانہ سےبیرون ممالک سےآنے والے رقوم کی تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف تمام بینک اکاونٹس کی تفصیلات اور نصرت شہباز کوقصور کے قریب دی گئی اراضی کی تفصیل فراہم کریں۔
خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو شہباز شریف کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا اور شہباز شریف کی عبوری ضمانت17 جون منظور کرتے ہوئے 5لاکھ روپےکے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔