لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں، رانا مشہود کے خلاف اسپورٹس فیسٹیول میں بے ضباطگیوں پر انکوائری جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کیخلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ان کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
نیب کی جانب سے ایل ڈی اے اور دیگر اداروں سے رانا مشہود کے اثاثوں کا ریکارڈ اور محکہ ایکسائزسے ان کی گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کیں ہیں۔
خیال رہے نیب نے رانا مشہود کے خلاف اسپورٹس فیسٹیول میں بے ضباطگیوں پر انکوائری شروع کر رکھی ہے، اس حوالے سے انہیں 8 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے دو روز قبل ایف آئی اے امیگریشن نے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی تھی اور امریکہ جانے والی پرواز 621 قطر ایئر ویز سے آف لوڈ کردیا تھا۔
مزید پڑھیں : بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش، نیب نے رانا مشہود کو 8 جولائی کو طلب کرلیا
ذرائع کا کہنا تھا ایف آئی اے امیگریشن نے نیب کو رات دو بجے ہی رانا مشہود کی ملک سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کے بارے میں مطلع کر دیا تھا لیکن بار بار رابطہ کر نے کے باوجود نیب کا کوئی بھی افسر رانا مشہود کو لینے ایئرپورٹ نہیں آیا۔ جس پر امیگریشن حکام نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق نیب رانا مشہود کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کروڑوں روپے کے کرپشن اسیکنڈل کی تحقیقات کر رہا ہے اور رانا مشہود اس سلسلے میں نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں اور نیب کی ہی درخواست پر وزارت داخلہ نے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا۔