اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ حکومت وہی بنا سکتا ہے جس کے ساتھ پیپلزپارٹٓی ہوگی، تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت عمران خان بنائیں گے، میں نہیں سمجھتا کہ کوئی بھی قوت الیکشن کی تاخیر چاہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، نبیل گبول نے کہا کہ نواز شریف تو خود چاہتے ہیں کہ الیکشن جلد سے جلد ہوں، خدا نخواستہ 2007 والی صورتحال پیدا ہوئی تو الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے کیس میں مزید تاخیر نہیں ملنی چاہئے، نواز شریف کی خام خیالی ہے کہ اگلا الیکشن بھی وہ جیتیں گے، وہ جو سوچ رہے ہیں ایسا ممکن نہیں ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ میاں صاحب عالمی طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، نواز شریف اداروں کے خلاف کھل کر جو بات کرتے ہیں اس کی وجہ سامنے آرہی ہے، ان کے خلاف 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجنے کے الزام کی تحقیقات ہونی چاہئے، تفتیش ہونی چاہئے بھارت یہ پیسے کس مد میں بھیجے گئے ہیں، پاناما کیس کی طرح اس معاملے پر بھی جے آئی ٹی بننی چاہئے۔
نبیل گبول نے کہا کہ ڈان لیکس ایک حملہ تھا اسے بالکل نظر انداز نہیں کیا گیا، چوہدری نثار نے ڈان لیکس کی رپورٹ پڑھی ہے تو عوام کو بتائیں، یہ نہ سمجھا جائے پاکستان کو کمزور کرنے والوں کے خلاف ادارے خاموش ہیں، حکمران پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کے آلہ کار بنے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مذاق بنانے والے خود مذاق بن چکے ہیں۔ جہلم جلسے میں مشکل سے ڈیڑھ ہزا لوگوں میں عجیب عجیب باتیں کرتے ہیں، خلائی مخلوق کی بات کرتے ہیں اصل ادارے کا نام نہیں لیتے ہیں۔