پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی: نبیل گبول

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نبیل گبول نے اعتراف کیا ہے کہ سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی۔

تفصیلات کے مطابق نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام کے الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی اے سی کے لیے راستہ حکومت نے وفاق کے ذریعے دکھایا، سندھ کی اپوزیشن نے پی اے سی کے لیے نام ہی نہیں دیے، پی اے سی چیئرمین اپوزیشن کو بنانا چاہیے تھا، مانتا ہوں ہم نے غلطی کی۔

پی پی رہنما نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم کیس منتقلی پر تنقید کر رہے ہیں، حیران ہیں سندھ اور کراچی میں تحقیقات سے کیا مسئلہ ہے، سندھ کے اسپیکر نیب کی حراست میں ہیں لیکن ہم نے تو کچھ نہیں کیا، ماضی میں کئی سیاسی قائدین کا راولپنڈی میں قتل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ: بلاول بھٹو اور آصف زرداری آج نیب عدالت میں پیش ہوں گے

انھوں نے کہا کہ نیب افسران کو خود نہیں معلوم کہ وہ کس چیز کی تفتیش کر رہے ہیں، آغا سراج نے بتایا کہ نیب افسران اپنے تفتیشی نکتے تک سے لا علم ہیں۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بتائیں گے کہ ہم برے وقت میں ان کے ساتھ ہیں، ہم عدالت کے اندر نہیں جائیں گے مگر باہر کھڑے رہیں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے پروگرام میں وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں انھیں دکھاؤں گا تھر میں سڑکیں بنی ہیں اور اسپتال بھی بنے، عثمان ڈار سے کہتا ہوں تھر کے ساتھ آپ کو لیاری بھی چلنا پڑے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں