ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ ملزمان قید ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیکٹا نے جیلوں میں قید افراد کے حوالے سے رپورٹ جاری کی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کی 40 جیلوں میں 3074 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 50ہزار 405 قیدی موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ کی 26 جیلوں میں 12ہزار 245 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 18ہزار 998 قیدی موجود ہیں اسی طرح خیبرپختونخواہ کی 22 جیلوں میں 7ہزار 587 افراد کی گنجائش ہے جبکہ حالیہ تعداد 11ہزار 330 ہے۔

نیکٹا رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے کم ہے، صوبے کی 11 جیلوں میں صرف 2ہزار 585 قیدیوں کی گنجائش ہیں جبکہ اس وقت 2ہزار 427 افراد موجود ہیں۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری آپریشن کی نگرانی اور اس کی شفافیت بحال رکھنے کے لیے 2013 میں نیکٹا کو پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت فعال کیا گیا تھا جبکہ حکومت نے اس ادارے کا قیام 2009 میں کیا تھا۔

ایکٹ کے تحت نیکٹا کے چیئرمین موجودہ وزیراعظم ہیں اور صوبوں کے گورنرز پر مشتمل ایک باڈی تشکیل دی گئی ہے جو اجلاسوں میں ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر اپنی تجاویز پیش کرتی ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر داخلہ کے سیکریٹری اور تمام حساس اداروں کے سربراہان نیشنل کاؤنٹرر ٹیررازم اتھارٹی کا حصہ ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں