اسلام آباد: قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ زرتاج گل کی جانب سے ادارے کو کوئی خط نہیں لکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیکٹا کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی نیکٹا میں تعیناتی سے متعلق وضاحت کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ زرتاج گل نے نیکٹا کو کوئی خط نہیں لکھا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک خط وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے منسوب کر کے میڈیا میں زیر بحث ہے، یہ خط زرتاج گل کے پرنسپل اسٹاف افسر نے سیکریٹری وزارت داخلہ کو لکھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نیکٹا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی تعیناتی میرٹ پر ہوئی، شبنم گل پی ایچ ڈی اسکالر ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی پر مقالے لکھ چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا زرتاج گل کے معاملے پر شدید اظہار برہمی، نیکٹا کو لکھا خط واپس لینے کی ہدایت
واضح رہے کہ آج وزیر مملکت زرتاج گل کی ہمشیرہ کی نیکٹا میں تعیناتی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زرتاج گل کو نیکٹا کو لکھے گئے خط سے دست بردار ہونے کی ہدایت کر دی تھی۔
معاون خصوصی نعیم الحق کے مطابق زرتاج گل وزیر نے اپنی بہن شبنم گل کی تعیناتی کے لیے قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) میں تعیناتی کے لیے خط لکھا تھا۔
نعیم الحق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے زرتاج گل کو نیکٹا کو لکھے گئے خط سے دست بردار ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔