لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ دنیا کی جدید کرکٹ اور پاکستان کی کرکٹ میں بہت فرق ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ جدید دور کی کرکٹ سے بہت پچھے رہ گئی ہے، اس فرق کو دور کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا گیا ہے چھ ماہ میں اچھے نتائج ملنے لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ماضی میں کام نہیں ہوا جو لوگ اکیڈمی کے ساتھ وابستہ رہے انہوں نے اچھا کام کیا اور پاکستان سے اچھے کھلاڑی سامنے آئے لیکن سب نے یہ نوٹ کیا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ اور پاکستان کرکٹ میں بہت فرق ہے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
ندیم خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو دیکھ لیں سب یہی کہیں گے کہ ہم میں اور دنیا میں بہت فرق ہے اسی فرق کو کم کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا گیا ہے، ہم نے جلد از جلد اس فرق کو کم ہی نہیں ختم کرنا ہے اور اوپر جانا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پہلے بھی کوچز تھے لیکن اب کوشش کی گئی ہے کہ ہر فیلڈ کے لیے ایک ماہر شخص کو مختص کیا جائے، ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق مقامی کوچز کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی شناخت کریں گے اور انہیں نکھاریں گے۔
ندیم خان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق جونیئر اور سینئر ٹیموں کے کوچز کے ساتھ مل کر کام کریں گے، یہ ایک مشکل کام ہے لیکن ثقلین یہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔