معروف پاکستانی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے بھارتی مصنف جاوید اختر کو پاکستان مخالف بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
نادیہ خان کا اپنے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ اگر پاک بھارت تعلقات معمول پر بھی آجائیں تو میں نہیں چاہتی کہ یہ شخص جاوید اختر پاکستان میں نظر آئے۔
سینئر پاکستانی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں خبردار کر رہی ہوں کہ اس شخص کو آئندہ پاکستان بلایا گیا تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا، یہ شخص انتہائی سطحی اور گستاخ ہے، جو بھارت میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف زہر اگلتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اول تو اب انہیں آنے نہیں دیا جائے گا اور اگر کبھی آجائے تو خاص پالشڈ جوتوں سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔
نادیہ کا کہنا تھا کہ ہم ان کو عزت دیتے ہیں کیوں ہماری فطرت ایسی ہے، ہم پیار کرنے والے عزت دینے والے لوگ ہیں لیکن دوسرا شخص بھی اس قابل ہونا چاہئے۔
اس سے قبل پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور بیباک اداکارہ نے پہلگام واقعے پر بھارت کے خلاف دوٹوک مؤقف اپناکر مداحوں کے دل جیت لئے تھے۔
معروف اداکارہ نادیہ کا پہلگام واقعے پر جرأت مندانہ اور حب الوطنی سے بھرپور بیان سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے بھارت کے خلاف کھل کر آواز بلند کی ہے۔
شوبز شخصیات کا بھارت کے بزدلانہ حملے پر سخت ردعمل
اداکارہ کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ یہ سب بھارت کا جھوٹا ڈرامہ ہے تاکہ دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا جا سکے۔ مگر بھارت اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔