کراچی: چیئرمین نادرا کے واضح احکامات کے باوجود نادرا سندھ کے اعلیٰ افسران عوام کو نادرا مراکز میں عزت اور سہولت نہ دلوا سکے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نادرا سینٹر کورنگی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں نادرا مراکز میں عوام کو فراہم کردہ سہولتوں کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔
ویڈیو میں نادرا سینٹر کورنگی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر سراج شہریوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کرتے اور دھمکی دیتے نظر آتے ہیں۔ نادرا افسر ایک خاتون کو دھمکی دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘میرا نام عامر ہے جس کو شکایت لگانی ہے لگا دو’۔
واضح رہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر سراج پہلے بھی مِس کنڈکٹ پر نوکری سے فارغ ہو چکے تھے، لیکن افسران کی سرپرستی کی وجہ سے نوکری پر بحالی کے بعد پھر عوام کی عزت نفس کو مجروح کرنے میں مصروف ہیں۔
بدتمیزی پر جب خاتون نے اپنے کاغذات واپس مانگے تو اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا واپس نہیں کروں گا، میری مرضی، میرا نام عامر ہے جس کو شکایت لگانی ہے لگا دو، بے شک میری شکایت پورٹل پر ڈال دو۔
متاثرہ خاتون نے دہائی دی ہے کہ وہ 50 دن سے نادرا مرکز کے چکر لگا رہی ہیں، اور ان سے جو مانگا گیا وہ سب فراہم کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر نے بیش تر افراد کے کاغذات شناختی پراسس کے لیے اپنے پاس ناجائز طور پر رکھے ہوئے ہیں۔