لاہور : چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں عہدے پر بحال کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے سے متعلقہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا او وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ نے سنگل بینچ کے فیصلےکیخلاف اپیل پرفیصلہ سنایا ، حکومتی اپیل میں کہا گیا کہ نادرا کے چیئرمین کی تعیناتی قانون کے مطابق کی گئی، سنگل بینچ نے حقائق کے برعکس ان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ دیا۔
یاد رہے سنگل بینچ نے نادرا کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا، جس پر وفاقی حکومت نے منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کے سنگل بینچ کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ 6 ستمبر 2024 کو لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔