1
حکومتِ پاکستان کے "اڑان پاکستان” کے پروگرام کے تحت الیکٹرانک اور ڈیجیٹل وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملک بھر کے اسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام کی فراہمی پر کام شروع کر دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کے تحت سول رجسٹریشن اور زندگی کے اہم واقعات کے اندراج کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
اسپتالوں اور مراکز صحت میں فراہم کئے جانے والے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے پیدائش اور وفات جیسے زندگی کے اہم واقعات کی معلومات براہِ راست حاصل ہوں گی جن کی بدولت شہریوں کے ڈیٹابیس میں درست اور مکمل معلومات کا بروقت اندراج ممکن ہو گا۔
یہ اعدادوشمار وفاقی حکومت کے "اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت ملک میں ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر ڈیجیٹل آئی ڈی اور ڈیجیٹل معیشت کے انقلابی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ورلڈ بینک کے تعاون سے نادرا مختلف قومی اداروں کے اشتراک سے "ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ(DEEP)” کے ڈیجیٹل شناخت اور ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی پر کام کر رہا ہے۔
سول رجسٹریشن نظام کو بہتر بنانے کے لئے صوبائی حکومتوں اور نادرا کے درمیان اشتراک کے معاہدوں کا سلسلہ جاری ہے جن کے تحت آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے اسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کا ڈیجیٹل نظام فراہم کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں آج کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب میں لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ کے صوبائی وزیر جناب سعید غنی نے بھی شرکت کی۔ معاہدے پر حکومت سندھ کی جانب سے سیکرٹری صحت اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جبکہ نادرا کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی نے دستخط کئے۔
قبل ازیں کوئٹہ میں بھی بلوچستان حکومت اور نادرا کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں جس پر صوبائی سیکرٹری صحت، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نے دستخط کئے۔ آئندہ چند روز کے دوران دیگر صوبوں، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ معاہدوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔