اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیاں مجرمانہ فعل ہیں لہٰذا این اے ایک سو بائیس کے فیصلے کے بعد چیئرمین نادرا اورالیکشن کمیشن کے عہدیداران مستعفی ہو جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نادرا نے ن لیگ کے امیدوار کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کی ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ فوج کو بدنام کرنا نواز لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، دھرنے میں کسی سابق جرنیل نے ہماری مدد نہیں کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو بائیس کے فیصلے میں تحریک انصاف کے مؤقف کی تائید ہو گئی۔ حکومت اتنی ہی دلیر ہے تو سپریم کورٹ کے پیچھے چھپنے کے بجائے چوتھا حلقہ کھولے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایاز صادق سے کوئی اختلاف نہیں، نظام ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ دو سال تک ایسا شخص ایوان چلاتا رہا جس کی اپنی نشست ہی مشکوک تھی۔