پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانا ممکن، نادرا کی موبائل ایپ تیار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے، تجدید کروانے کے لیے موبائل ایپ تیار کرلی ہے۔

نادرا ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی آئی ٹی لیب میں تیار کی گئی دنیا کی  پہلی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی ’پاک آئیڈینٹٹی‘ ایپ کا افتتاح کیا ۔

اس ایپ کی تیاری کے بعد پاکستانی دنیا میں ایس ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا، جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کی مدد سے گھر بیٹھے ہی شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔

- Advertisement -

نادرا کے مطابق  جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت شناختی کارڈ بنوانے کے پروگرام میں موبائل پر لائیو بائیومیٹرک (انگلیوں کے نشان) کے حصول کے ساتھ ساتھ تصدیق بھی ہو سکے گی۔

درخواست گزار اپنے اسمارٹ موبائل فون  کے کیمرہ کی مدد سے  نہ صرف فنگرپرنٹ لے سکتے ہیں بلکہ تصویر اور دیگر دستاویزات کو بھی اسکین کر کے اپ لوڈ کرسکے گا۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے امید ظاہر کی کہ موبائل کےذریعے انگلیوں کے نشان (فنگر پرنٹ) کے حصول کی سہولت ایک نئے دور کا آغاز ہے جو معیشت کے کئی شعبوں میں انقلاب برپاکرسکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نادرا طارق ملک کے موبائل ایپ کے جدید خیال کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے انتہائی قلیل وقت میں ایپ کی تیاری مکمل کرنے اور پاکستان کو یہ ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا دنیا کا پہلا ملک بنا دیا‘۔

چیئرمین نے نادرا کے سافٹ وئیر انجنیئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ تمام کاوشیں وزیراعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو عملی جامہ پہنانے کی طرف کے ایک اہم پیش  قدم ہے، ہولیات کی فراہمی  ایک نئے دور کا آغاز ہوگا‘۔

مزید پڑھیں: نادرا کی اوورسیز پاکستانیوں کیلیے زبردست سہولت، وزیراعظم نے افتتاح کر دیا

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن میں  نادرا اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اس طرح کی جدید ترین سہولیات متعارف کرانے کے لئے دن رات مصروف عمل ہے۔

 طارق ملک نے مزید کہا کہ نادرا کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ پر بیرونِ ملک میں مقیم پاکستانی بھی شناختی کارڈ کی تجدید یا تبدیلی کے حوالے سے آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں جبکہ شہریوں کو بھی ایک کلک پر یہ سہولت حاصل ہوگی۔

 چیئرمین نادرا نے کہا کہ ایسے تمام شعبے جن میں بائیومیٹرک تصدیق کی ضرورت پڑتی ہے مثلاً ای گورننس، ای کامرس، مالی شمولیت کے مختلف پروگرام مثلاً احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام وغیرہ،وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے صارفین انہیں گھر بیٹھے اپنی شناختی معلومات فراہم کر سکتے ہیں اور بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے تمام تر ضروری کارروائی کو مکمل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نادرا کی جانب سے آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے لیے ویب سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کی مدد سے ہزاروں افراد نے شناختی کارڈ کے حصول، تجدید کے لیے درخواستیں دیں اور گھر بیٹھے شناختی کارڈ حاصل کیا۔

نادرا کے مطابق اس ایپ کو نادرا  https://id.nadra.gov.pk ویب پورٹل سے منسلک کیا جائے گی۔ علاوہ ازیں اینڈرائیڈ صارفین گوگل پلے اسٹور سے  PAK IDENTITY  ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں