اسلام آباد:شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی ، کل 17 جنوری سے نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا ، اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کل 17 جنوری سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ بندکی جا رہی ہے، نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص اوورسیزکومشکلات پیش آتی تھیں اور انگلیوں کےنشانات ،مطلوبہ دستاویزاسکین کر کے اپ لوڈکرنےمیں پریشانی ہوتی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ جعلسازعناصر جعلی ویب سائٹس سے دستاویز بنوانے میں معاونت کاکاروبار کررہے تھے، شہریوں کی ذاتی معلومات لیکران کا غلط استعمال کرنےکی کوشش کی جاتی تھی تاہم غیرقانونی سر گرمیوں کےتدارک کیلئے 17 جنوری سے ویب سائٹ بندکی جا رہی ہے۔
وزارت داخلہ ، وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے، نادرا ودیگر اداروں سےملکر ان عناصر کیخلاف کارروائی کو یقینی بنا رہےہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ہے ، شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آر سی سمیت تمام خدمات دستیاب ہیں، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویز کی کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے، ان دفاترکے قیام سے نادرا حکام ،شہریوں میں رابطے میں آسانی ہو گی، ریجنل دفاتر سے دور دراز علاقوں کےنادرا مراکزمیں خدمات کی فراہمی بہترہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے ، شکایات کا فوری ازالہ ہو گا، 31مارچ تک تمام تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا، ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا دفاتر کا قیام باقی تھا، کام تیزی سے جاری ہے31 مارچ تک ان تحصیلوں میں بھی نادرا دفاترفعال ہوں گے۔