کراچی: الیکشن 2024 کے سلسلے میں نادرا نے شناختی کارڈ کے فوری حصول کے لیے سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے کہا ہے کہ نارمل، ارجنٹ یا ایگزیکٹو فیس دے کر درخواست جمع کرانے والے شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں، جو درخواست جمع کرائے جا چکے ہیں ان کے شناختی کارڈ پرنٹ کر کے ملک کے تمام نادرا دفاتر میں بھیج دیا گیا ہے۔
نادرا کے مطابق شہری 6 اور 7 فروری کو دفتری اوقات کار میں نادرا دفتر سے شناختی کارڈ وصول کر سکتے ہیں، ملک بھر کے تمام شناختی کارڈ سینٹرز کے اوقات کار میں 3 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں 8 فروری کو عام انتخابات منعقد ہوں گے، الیکشن 2024 کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، جلسے اور دیگر سرگرمیوں کے لیے رات 12 بجے تک اجازت ہوگی، اس کے بعد خلاف ورزی کرنے پر کارروائی ہوگی۔
انتخابی مہم کا آج آخری دن، سیاسی جماعتیں پاور شو کریں گی
الیکشن کمیشن نے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا، بیلٹ پیپرز سرکاری پریس اداروں سے متعلقہ ڈی آر او اور نمائندوں کے حوالے کر دیے گئے ہیں، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام چیلنجز کے باوجود وقت پر کام مکمل کیا۔