تازہ ترین

نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو اہم سہولت فراہم کردی

چیئرمین نادرا نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بند ہونے والے مراکز کھول دیے گئے ہیں اور مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی جناب ساجد حسین طوری سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے تارکین وطن کو نادرا کی طرف سے درپیش مسائل اور مشکلات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی بھلائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ بیرون ملک سینٹرز جو گزشتہ دور میں بند کیے گئے تھے وہ سہولت اب اوورسیز کے لیے بحال کردی گئی ہے اور نادرا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولیات میں وسعت پیدا کرے گی۔

ساجد حسین طوری صاحب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بھی نادرا دفاتر کی مرکزی شاخوں میں اب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے مخصوص کاؤنٹرز موجود ہیں۔

چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Comments

- Advertisement -