چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کا کہنا ہے کہ لیگل ٹیم کو سابق وزیر اعظم سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
نعیم حیدر پنجوتھہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان کی مرضی سے صرف بیرسٹر عمیر نیازی کو ملنے دیا گیا، قانون میں وکلا ٹیم کو ملنے کی اجازت ہے مگر ہائی کورٹ حکم کے باوجود روک دیا گیا۔
نعیم حیدر پنجوتھہ نے 6 اگست کو بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت توشہ خانہ فوجداری کیس میں اٹک جیل میں قید ہیں۔ ان کی اڈیالہ جیل منتقلی، سہولیات اور ملاقات کی درخواست پر اسلام آبا ہائی کورٹ نے حکم جاری کیا تھا کہ فیملی اور وکلا سے ملاقات کی اجازت دے جائے اور سابق وزیر اعظم کو جائے نماز و قرآن پاک کا انگلش ترجمہ بھی فراہم کیا جائے۔
5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں عدالت نے انہیں اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بتایا جائے کن وجوہات کی بنیاد پر اٹک جیل میں رکھا گیا ہے؟
عدالت کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بار ملاقات سے روکے، جیل حکام چیئرمین پی ٹی آئی کے دوست، رشتہ دار اور وکلا سے ملاقات کروائیں۔