اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں تقریر میں وزیراعظم پر ذاتی حملے کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ ن لیگ کس قدر دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف شخصیت پرستی میں مبتلا ہیں ان کا کشمیر کاز سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔
نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم ملک کے تمام اداروں کے سربراہ ہیں، عمران خان معاملات کو سابق حکمرانوں سے زیادہ اچھا جانتے ہیں، شہباز شریف کو گھر جاکر مزید آرام کرنا چاہئے۔
مزید پڑھیں: کشمیر کی صورت میں ایک اور فلسطین دینے کی اجازت نہیں دیں گے، شہباز شریف
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا، عمران خان کے خطاب کے دوران پہلے آصف زرداری پھر شہباز شریف اور آخر میں بلاول بھٹو اسمبلی میں آئے۔
وزیراعظم عمران خان کو بار بار تقریر روکنا پڑی، عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا یہ تقریر دیکھ رہی ہے اگر یہی کرنا ہے تو میں بیٹھ جاتا ہوں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر کی جذباتی تقریر پر کہا تھا کہ کیا بھارت پر حملہ کردوں، مجھے تجویز دیں کہ میں نے کیا نہیں کیا، پچھلے دور میں کشمیریوں پر مظالم نہیں ہورہے تھے آپ نے کیا کیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے کے لیے کوئی نہیں کہہ رہا ہے، قوم اور کشمیریوں کو امید کا پیغام دیں۔