اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ مریم نواز کا طرز گفتگو بانی متحدہ کی طرح لگ رہا تھا، نواز شریف کی صاحبزادی کی پاک افواج کیخلاف گفتگو شرمناک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نوازکی پریس کانفرنس نفرت انگیز اور بھرپور جھوٹ پر مبنی تھی۔ ان کا طرز گفتگو بانی متحدہ کی طرح لگ رہا تھا اور مریم نواز کی پاک افواج کیخلاف گفتگو بھی شرمناک ہے۔
اس سے قبل ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے بھی مریم صفدر کی پریس کانفرنس پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا سیاسی بیانیہ مکمل طور پر فیل ہوگیا، چچا اوربھتیجی میں ہی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: چچا اور بھتیجی میں اختلافات کھل کرسامنے آگئے ، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب
شہباز گل نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج اور ایجنسیز پر فخر ہے، لوٹ مار نہیں کررہےہیں ہم تو لوٹ کا مال واپس لاناچاہتے ہیں، ان لوگوں کو معلوم ہے اب انہیں کوئی این آراو نہیں ملے گا، مریم نواز کی پریس کانفرنس چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے۔