اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں حکومت بنانے کیلئے تیار ہے، کوشش ہے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری جلد ہو۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری جلد ہو، معلوم ہوا ہے صدر پاکستان 16 اگست کو بیرون ملک دورے پر جارہے ہیں، صدر مملکت سے بھی اپیل ہے بیرون ملک جانے کی تاریخیں آگے بڑھا دیں تاکہ عمران خان حلف اٹھا سکیں۔
ںعیم الحق کا کہنا تھا حکومت نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے ایوان صدر کو سمری ارسال کر دی ہے اور قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں اراکین حلف اٹھائیں گے، جس میں اسپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ وزیر قانون صدر مملکت سے ملاقات کے لئے گئے ہیں آج شام تک صورتحال واضح ہوجائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جلد جاری کرے، وزیراعلیٰ پنجاب، کابینہ اراکین کے ناموں کا اعلان جلد کیاجائے گا۔
ںعیم الحق نے کہا پی ٹی آئی مرکز، پنجاب اور کے پی میں حکومت بنانے کے لئے تیارہے، حکومت میں آکر دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی اصلاحات کریں گے، کوشش ہوگی انتخابی عمل کو مزید شفاف بنایا جاسکے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مرکز میں پوزیشن مضبوط ہوگئی اور قومی اسمبلی میں ایک سو اسی ممبران کی حمایت کا دعویٰ کردیا ہے، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اوراتحادیوں کا قومی اسمبلی میں نمبر180 کراس کرگیا، حتمی اکثریت کےلیے172ارکان کی حمایت درکار تھی۔
چند روز قبل عیم الحق کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر پارلیمنٹ میں بات کرنی چاہیے، پارلیمنٹ خود مختار ادارہ ہے وہ کارروائی کر سکتی ہے، احتجاج برائے احتجاج نہیں ہونا چاہیے۔