اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، ایم کیوایم سے اتحاد مجبوری نہیں بلکہ حکمت عملی ہے۔
یہ بات انہوں نے میڈیا پر چلنے والے بیانات کے حوالے سے وضاحتی بیان دیتے ہوئے کیا، نعیم الحق کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے بیان کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔
ان کا بیان پارٹی پالیسی کےخلاف ہے، فردوس شمیم کے بیان سے پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ نقصان ہوا ہے، فردوس شمیم کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔
نعیم الحق نے واضح کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے کیا گیا سیاسی اتحاد شہر کراچی کی ترقی کیلئے ہے، ایم کیوایم سے اتحاد مجبوری نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی حکمت عملی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کراچی کی وجہ سے الیکشن میں ہاری۔
مزید پڑھیں: عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس گئی کیونکہ تحریک انصاف کو وفاق میں اپنے نمبرز پورے کرنے تھے، وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔