بھارت میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے ریاست کی آبادی میں اضافہ کرنے کے حوالے سے ایک نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کا کہنا تھا کہ قانون لایا جائے گا کہ بلدیاتی الیکشن لڑنے کے خواہش مند کے کم از کم دو بچے لازمی ہوں۔
وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آبادی کے انتظام کے تئیں ریاست کے نقطہ نظر میں تبدیلی پر زور دیا، اُن کا کہنا تھا کہ جہاں آبادی کو بوجھ سمجھا جاتا تھا اب اسے اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلے ہم آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے مراعات دیتے تھے۔ آبادی کبھی بوجھ تھی۔ اب یہ ایک اثاثہ ہے۔ ہم نے ایک قانون بنایا جس کے مطابق اگر آپ کے دو سے زیادہ بچے ہیں تو آپ الیکشن نہیں لڑ سکتے۔ لیکن اب ہمیں آبادی میں اضافے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نائیڈو کا کہنا تھا کہ ریاست کی آبادی 2026 میں 5.38 کروڑ ہوسکتی ہے، یہ 2031 میں 5.42 کروڑ اور 2036 میں 5.44 کروڑ ہو جائے گی۔ 2041 میں یہ گھٹ کر 5.42 کروڑ رہ جائے گی۔
مصر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز
بھارت میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے آبادی میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے فی جوڑے 2.1 بچوں کی اوسط پیدائش کے ساتھ مناسب توازن کی ضرورت پر زور دیا۔