لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون کے اسکواڈ کا اعلان کردیا، ورلڈ الیون کی ٹیم میں 7 ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں، ورلڈ الیون کی قیادت فاف ڈوپلیسی کریں گے، تین ٹی ٹوئنٹی میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون کے اسکواڈ کا اعلان کیا، ورلڈ الیون کی قیادت جنوبی افریقی کھلاڑی ڈوپلیسی کریں گے۔
ٹیم میں بھارت کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے، ورلڈ الیون کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، فاف ڈوپلیسی (کپتان)، عمران طاہر، ہاشم آملہ، جارج بیلی، پال کولنگ ووڈ، گرانٹ ایلیٹ، ڈیوڈ ملر، بین کٹنگ، مورنی مورکل، تھسارا پریرا، سیموئل بدری، ڈیرن سیمی، تمیم اقبال اور ٹیم پین، جبکہ کوچنگ کے فرائض اینڈی فلاور انجام دیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے محفوظ ہے، تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے سیکیورٹی کے حوالے سے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون‘ گرانٹ ایلیٹ نے دستیابی ظاہر کردی
انہوں نے کہا کہ پہلا قدم بہت مشکل تھا کوئی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تھی، ہم کامیاب ہوگئے ہیں انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی، پی ایس ایل کا میچ ٹاسک تھا جو مکمل کیا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے بعد سری لنکا کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی، سری لنکا کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد ساری ٹیمیں پاکستان آٗئیں گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ آئی سی سی اپنی سیکورٹی ٹیم پاکستان اور خصوصاً کراچی بھیج رہا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز ہوں، کراچی میں کھیلنے کے لیے انٹرنیشنل کھلاڑی مان گئے ہیں۔