اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لائیں گے: نجم سیٹھی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں، پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں نوجوان کرکٹرز آئیں گے۔

‘تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں جس کے لیے دبئی جا رہا ہوں جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں سے ملاقات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا اور لاہور میں بین الاقوامی کرکٹرز و آفیشلز کی آمد اور فائنل میچ کھیلنے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔

چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ پہلے کہا جارہا تھا کہ فرنچائز نہیں ملیں گے، لیگ کامیاب نہیں ہوگی، دبئی میں ہوگئی تو کامیاب نہیں ہوگی، قطر میں ہوگی تو کامیاب نہیں ہوگی  لیکن اب یہ سب باتیں دم توڑ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائزز اچھی طرح سے اپنا کام انجام دے رہی ہیں، پی ایس ایل کامیاب ہوچکی ہے اب ہمارا مقصد انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان لانا ہے۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا نے دیکھا کہ پی ایس ایل سیزن ون کامیاب رہا اور اب پی ایس ایل کا دوسرا سیزن بھی کامیاب رہے گا جس سے نوجوان و منجھے ہوئے کرکٹرز سامنے آئیں گے اور اسی نئے ٹیلنٹ میں سے ہی ایک اچھی قومی ٹیم منتخب ہوگی۔

جائلز کلارک کی پاکستان آمد کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ جائلز کلارک کو بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے، فیکا کو بھی پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے سیکیورٹی کی صورتحال پرقائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں