اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ٹیم سلیکشن کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتا، فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، فواد عالم سے متعلق سلیکشن کمیٹی اور کوچز بہتر بتاسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کے خلاف مقدمے پر آئی سی سی کی سماعت جلد شروع ہورہی ہے، بھارت کے خلاف دائر مقدمے پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، مقدمے کا امید ہے اکتوبر تک فیصلہ ہوجائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس سال مزید کسی انٹرنیشنل ٹٓیم کے پاکستان آنے کے امکانات نہیں ہیں، اگلے 12 ماہ میں قومی کرکٹ ٹیم بیرون ملک ایونٹس میں مصروف ہوگی، 2019 میں ہوم سیریز کے لیے پر امید ہوں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم کا ڈسلپن برقرار ہے، سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق باتیں درست نہیں ہیں جبکہ پی ایس ایل کے تمام کنٹریکٹس ختم ہوگئے، کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے لیے نئے کنٹریکٹ تیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں راولپنڈی کو شامل کرنے کے لیے بریفنگ لی ہے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے تزئین و آرائش کے لیے فنڈز بھی دیں گے، آج ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے ملاقات کروں گا۔
چیئرمین پی سی بی نے قائمہ کمیٹی کو پی ایس ایل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تیسرے ایڈیشن میں پی سی بی کو 5 ملین ڈالر آمدن متوقع ہے، دوسرے ایڈیشن میں یہ آمدن 3 ملین ڈالر کے قریب تھی۔
نجم سیٹھی نے کمیٹی کو جلد پی ایس ایل کا آڈٹ کرانے کی یقین دہانی کرادی، انہوں نے کہا کہ کمیٹی اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہیں، فنانشل معاملات کے باعث اجلاس ان کیمرا رکھا گیا ہے۔