کراچی : عزیزآباد کےعلاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز کے قریب واقع مکا چوک کا نام تبدیل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ضلع وسطی کراچی کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز90 کے قریب واقع ‘مکا چوک’ کا نام تبدیل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق مکا چوک کا نام شہید لیاقت علی خان چوک رکھ دیا گیا ہے۔
واضح رہے 1988 میں ڈاکٹر فاروق ستار کے میئر بننے کے بعد اس چوک کی تعمیر کی گئی تھی اور اسے لیاقت علی خان چوک کا نام دیا گیا تھا جسے ناظم کراچی مصطفی کمال کے دور میں تزئینِ نو کے بعد مکا چورنگی کا نام دیا گیا تھا۔
اسی سے متعلق : نائن زیرو،مکاچوک اور اطراف سے ایم کیو ایم قائد کی تصاویر ہٹا دی گئیں
یاد رہے چورنگی میں نصب مکا لیاقت علی خان اس شہرہ آفاق جملے سے منسوب ہے جس میں انہوں نے علیغدہ انگلیوں کو یکجا کر کے مکا کی صورت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتفاق میں طاقت ہے۔
مکاچوک کی نام کی تبدیلی کا فیصلہ قائد ایم کیو ایم کی جانب پاکستان مخالف تقاریر کرنے کے بعد کیا گیا ہے خیال رہے اس متنازعہ تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے مرکز کو بھی سِیل کردیا گیا ہے جب کہ ایم کیو ایم کے دفاتر بھی مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔