اوریگان: امریکی شہر پورٹ لینڈ میں اپنے 63 سالہ شوہر کو گولیاں مار کر قتل کرنے والی 71 سالہ مصنفہ نینسی کرمپٹن بروفی کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ماضی میں ’شوہر کو کیسے قتل کریں؟‘ کے عنوان سے مضمون لکھنے والی مصنفہ اور ناول نگار کو امریکی عدالت نے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی، تاہم عدالت نے مضمون کو بہ طور ثبوت مسترد کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی عدالت نے 14 جون کو 71 سالہ ناول نگار اور مصنفہ نینسی کرمپٹن بروفی کو شوہر کو قتل کرنے کے مجرم قرار دیتے ہوئے انھیں کم از کم 25 سال قید کی سزا سنا دی۔
جیوری نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ نینسی کرمپٹن بروفی کی جانب سے شوہر کو قتل کیے جانے کے واضح ثبوت دستیاب ہیں، تاہم سالوں قبل لکھے گئے مضمون ’شوہر کو کیسے قتل کریں؟‘ کو شوہر کو قتل کرنے کے واقعے سے نہیں جوڑا جا سکتا۔
خاتون نے 2011 میں اپنے باورچی شوہر کو قتل کیا تھا، انھوں نے شوہر کو دو گولیاں ماریں اور ان کا چہرہ ٹھنڈے پانی میں بھی ڈبویا، قتل کے کچھ عرصے بعد ہی پولیس نے تفتیش کر کے مقتول کی بیوی کو ہی قاتل قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا تھا اور ان کے خلاف مقدمہ ایک دہائی تک جاری رہا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے شوہر کو تقریبا 15 لاکھ ڈالر کی انشورنس کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے قتل کیا۔ نینسی کرمپٹن بروفی کئی رومانوی ناول لکھ چکی ہیں، ان کی بعض کتابیں بیسٹ سیلرز کی فہرست میں بھی شامل رہی ہیں۔