چلاس: پاکستان کی خاتون کوہ پیماؤں ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی نے نانگا پربت کو سر کرلیا، دس پاکستانیوں سمیت دس دیگر غیرملکی کوہ پیمائوں نے قاتل پہاڑ کی عرفیت سے مشہور نانگا پربت کو سر کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دس پاکستانیوں سمیت چالیس سے زائد غیرملکی کوہ پیماؤں نے نانگا پربت کو سر کرنے کی مہم میں حصہ لیا، ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی، واجد اللہ نگری کے علاوہ رضوان داد، عید محمد، احمد بیگ، وقار علی، سعید کریم، لیاقت کریم، سوزین اور شاہ دولت بھی اپنی مہم میں کامیاب رہے، الپائن کلپ آف پاکستان کے مطابق آج صبح 11 بجے تمام کوہ پیماؤں نے نانگاپربت کو سر کیا۔
مشہور خاتون کو پیماہ ثمینہ بیگ آج صبح 11 بجکر 8 منٹ پر وہ نانگا پربت پہاڑ کی بلندی پر پہنچیں، ثمینہ بیگ اس سے قبل کےٹو اور ماؤنٹ ایوریسٹ سر کر چکی ہیں، ثمینہ بیگ کو 8 ہزار میٹر بلند پہاڑ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیماہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
اس کے علاوہ نائلہ کیانی نے بھی نانگا پربت کی چوٹی پر کامیابی سے پہنچ کر ناقابل یقین کارنامہ سر انجام دیا، نائلہ دنیا کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والی پاکستانی خاتون بھی ہیں۔
نوجوان کوہ پیما واجد اللہ نگری نے دنیا کی نویں بلند چوٹی نانگا پربت پر قومی پرچم لہرایا، واجد اللہ نگری نے دیامر بیال سیکشن سے اپنی مہم جوئی کا آغاز کیا تھا۔ واجد اللہ نگری نے یہ کارنامہ اپنی پہلی کوشش میں ہی سرانجام دے کر ملک و قوم کا نام روشن کیا، اس پہلے واجد اللہ نگری راکا پوشی، گولڈن پیک اور کے ٹو سمیت دیگر پہاڑوں کو کامیابی سے سر کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ چند دن قبل پاکستانی کوہ پیما ساجد سد پارہ نے پاکستان کی دوسری بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو بغیر آکسیجن سر کر کے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا تھا۔