ننکانہ صاحب : سرکاری املاک کونقصان پہنچانےسےمتعلق ننکانہ صاحب ہنگامے کی رپورٹ اعلٰی حکام کوپیش کردی گئی، متروکہ وقف املاک پر حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا۔ متروکہ املاک پر قابضین نے ایک بار پھر تعمیرات کا سلسلہ شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک کےدفترپر حملہ سے متعلق سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کردی گئی، پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ زیادہ تر حملہ آور مقامی نہیں تھے، ایف آئی آر میں سو سے زیادہ افراد کو واقعہ میں ملوث قراردیاگیاہے۔
رپورٹ کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن کیلئے ڈی پی او کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا، جس پر ڈی ایس پی سمیت سو اہلکار محکمہ متروکہ وقف املاک کو دیئے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں متروکہ وقف املاک کے چئیرمین صدیق الفاروق کی گاڑی پرفائرنگ اور پتھراؤ ہوا۔
ننکانہ صاحب ہنگامہ،ن لیگیوں کا ایک دوسرے پر الزام
اس حوالے سے متروکہ وقف املاک کے چئیرمین صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ ناجائز قبضہ ختم کرنے پر ٹیم پر حملہ کیا گیا، یاد رہے کہ واقعےکی کوریج پرمشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے کیمرہ مین طاہر محمود سے کیمرہ اور موبائل فون چھین لیا تھا۔
علاوہ ازیں ننکانہ صاحب میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد قابضین نے ایک بار پھر مبینہ طورپرناجئز تعمیرات کا سلسلہ پھر شروع کردیا ہے، غالب گمان ہے کہ ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے بااثر لوگ ہیں۔ پولیس نے مقدمات بھی درج کئے لیکن تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔