اسلام آباد : نقیب اللہ محسود کے والد کا کہنا ہے کہ راؤ انوار سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں ، اب امید ہے کہ نقیب کو انصاف مل جائے گا، راؤانوار کی گرفتاری کا حکم دینے پرسپریم کورٹ کے شکرگزارہیں۔
تفصیلات کے مطابق نقیب محسود کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا شکریہ اداکرتاہوں، میڈیا،سرکاری اورغیرسرکاری ادارےنقیب کیساتھ ہیں،سپریم کورٹ سےانصاف ملنے کا یقین ہے۔
نقیب اللہ والد کا کہنا تھا کہ راؤ انوار سپریم کورٹ آگئے، اب نقیب کو انصاف مل جائے گا، ہمارے مؤقف کو سنا گیا، جس پر بہت خوشی ہے، راؤ انوار کی گرفتاری کا حکم دینے پر عدالت کے اور ہماری آواز بننے پر عوام اور میڈیا کے شکرگزارہیں۔
مزید پڑھیں : جس دن راؤ انوار کا مقدر خراب ہوا وہ قانون کی گرفت میں ہوں گے، والدنقیب اللہ
گذشتہ سماعت میں نقیب اللہ کے والد کا کہنا تھا کہ راؤانوارآج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ہمیں سپریم کورٹ سےانصاف کی امید ہے، نقیب اللہ پورےپاکستان کا بیٹا ہے، ڈیل کی باتیں سراسربے بنیاد ہیں۔
سیف الرحمان محسود کا کہنا تھا کہ تمام ادارے راؤ انوار کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کی قسمت اچھی ہے جو ابھی تک انھیں گرفتار نہیں کیا جاسکا لیکن جس دن انکا مقدر خراب ہوا وہ قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
مزید پڑھیں : راؤ انوار عدالت میں پیش، سپریم کورٹ کے حکم پر گرفتار کرلیا گیا
یاد رہے کہ کراچی میں پولیس کے ہاتھوں نوجوان شہری نقیب اللہ محسود کے فرضی مقابلے میں قتل کے مقدمے کے مرکزی ملزم اور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انواز اچانک سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے تھے ، جس کے بعد عدالت کے حکم پر انھیں گرفتار کر لیا گیا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے راؤ انور کے بینک اکاؤنٹس کو بھی دوبارہ بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سابق ایس ایس پی ملیر کے بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے جائیں تاکہ ان کے بچوں کی روزی روٹی بحال ہو سکے اور جو تنخواہ انہیں جاتی تھی وہ بھی انہیں ملنی چاہیے۔