ممبئی: معروف اداکارہ نرگس فخری نے فلم ‘ہاوس فل تھری’ کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر ساجد نادیہ والا سے فلم کی پروموشن میں شامل نہ ہونے پر معذرت کرلی.
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ان دنوں نیویارک میں مقیم ہیں جبکہ اداکارہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے وہ فلم ہاوس فل تھری کی پروموشن میں شامل نہیں ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کےگذشتہ سال بیک وقت تین فلموں میں کام کرنے کی وجہ سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ان دنوں چھٹیوں پر ہیں،
انہوں نے کہا کہ اداکارہ فلم ‘اظہر’ کی پروموشن کے دوران بہت بیمار تھی جس کے بعد انہیں ڈاکٹرز کی جانب سے آرام کرنے کی ہدایات کی گئی تھی، اور اسی وجہ سے نرگس فخری نے ‘ہاوس فل تھری’ کے پروڈیوسر سے کہا تھاکہ وہ ایک مہینے کےلیے نیویارک اپنے گھر جاناچاہتی ہیں تاکہ وہ صحت یاب ہوسکے.
اداکارہ کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ وہ اپنی فلم ‘بینجو’ کی شوٹنگ چھوڑ کر چلی گئی ہیں جس پر اداکارہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ جون میں واپس آکر اپنی فلم کی شوٹنگ مکمل کریں گی.
واضح رہے کہ نرگس فخری ادے چوپڑہ سے علیحدگی کی افواہوں کے بعد اچانک نیویارک روانہ ہو گئی تھی.