نارووال: درجنوں وارداتوں میں مطلوب 6 رکنی ڈکیت گینگ ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر نارووال کی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کا ایک خطرناک گینگ ہلاک ہو کر ختم ہو گیا ہے، گینگ کو اسامہ یونس نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا ہے۔
نارووال کے ڈی ایس پی ملک خلیل نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر اسامہ کے گھر ڈیڑھ ماہ قبل ڈکیتی کی واردات کی تھی، اسامہ یونس اور ڈکیت گینگ سرغنہ کی آپس میں دوستی رہی تھی۔
انھوں نے کہا کہ اسامہ نے انتقاماً اپنے ساتھیوں کی مدد سے گینگ سرغنہ اور اشتہاری مجرم اشرف عرف ماما چنگڑ کو پانچ دیگر ڈکیتوں سمیت قتل کر دیا۔
ڈی ایس پی کے مطابق یہ واقعہ تھانہ نور کوٹ کی حدود میں پیش آیا، ڈاکوؤں کو مارنے کے بعد اسامہ یونس اور اس کے ساتھی فرار ہو گئے ہیں، جب کہ پولیس نے مارے گئے ڈاکوؤں سے کلاشنکوف سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔