جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

ناسا کا اسپیس کرافٹ خود کش مشن کامیاب، سیارچے نے رُخ بدل دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: زمین کو سیارچوں سے محفوظ رکھنے کا ناسا کا تاریخی مشن کامیاب رہا، سیارچے کا مدار تبدیل ہو گیا۔

ناسا کے مطابق گزشتہ ماہ ناسا کے ڈارٹ مشن نے ٹکراؤ کے بعد کامیابی سے سیارچے کے مدار کو تبدیل کر دیا ہے، یہ تجربہ یہ دیکھنے کے لیے کیا گیا تھا کہ کیا مستقبل میں ایک بڑی چٹان کو زمین کے راستے سے ہٹایا جا سکتا ہے، تجربہ کامیاب رہا اور پہلی بار انسانوں نے خلا میں کسی شے کی حرکت کو تبدیل کیا۔

ناسا کے مطابق دوربین کے مشاہدات کے نتائج سے پتا چلتا ہے کہ 26 ستمبر کو ’ڈبل ایسٹرائڈ ری ڈائریکشن ٹیسٹ (ڈارٹ)‘ کے خلائی جہاز کی خودکش آزمائشی پرواز نے اپنا بنیادی مقصد حاصل کر لیا یعنی سیارچے کی خطِ حرکت (اس کی پوزیشن) کو تبدیل کر دیا۔ ناسا کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا۔

- Advertisement -

یہ سیارچہ ہر 11 گھنٹے، 55 منٹ میں ایک بار خود سے پانچ گنا بڑے سیارچے ڈیڈیموس کے گرد چکر لگا رہا تھا۔ ڈارٹ مشن کے ٹکراؤ کے بعد اس کے چکر میں 32 منٹ کا فرق آ گیا ہے۔

ڈارٹ کے آخری لمحات کی تصویر جب وہ سیارچے ڈائی مارفس کے ساتھ ٹکرانے والا تھا

 

ناسا کے سربراہ بل نیلسن نے کہا کہ یہ زمین کے دفاع کے لیے ایک سنگ میل اور انسانیت کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ ہے، یہ مشن ظاہر کرتا ہے کہ کائنات ہماری زمین کی طرف جو کچھ بھی پھینکے گی، ہم اس کے لیے تیار رہیں گے۔

ناسا کے مطابق زمین سے بھیجا گیا تجرباتی اسپیس شپ سیارچے ڈائی مورفس سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا، اور سیارچے ڈائی مورفس کا راستہ کامیابی سے تبدیل کر دیا تھا، اس کامیابی پر نا سا کے انجینئرز اور ماہرین خوشی سے جھوم اٹھے۔

یاد رہے کہ 26 ستمبر کو ڈارٹ اسپیس کرافٹ 23 ہزار 500 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سیارچے سے ٹکرایا تھا۔ اس طریقے کو زمین کی طرف بڑھنے والے سیارچوں کی روک تھام کے لیے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے، ناسا کے مطابق 33 کروڑ ڈالر کے ڈارٹ مشن کی تکمیل میں 7 سال لگے۔

خلا میں موجود جس پتھر (سیارچے) کو نشانہ بنایا گیا وہ تقریباً ایک فٹ بال اسٹیڈیم جتنا تھا، جب کہ زمین سے بھیجا گیا ڈارٹ مشن (اسپیس کرافٹ) ایک وینڈنگ مشین جتنا تھا، یہ پچھلے سال لانچ کیا گیا تھا، اور یہ اس وقت تباہ ہو گیا جب یہ 22 ہزار پانچ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زمین سے ایک کروڑ 10 لاکھ کلومیٹر دور سیارچے سے ٹکرا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں