قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے افغانستان کے خلاف تاریخی چھکے لگانے والا بیٹ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیہ کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نسیم شاہ نے اپنا بیٹ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ’اس بلے سے میں نے افغانستان کے خلاف تاریخی چھکے لگائے یہ قیمتی بیٹ اب سیلاب متاثرین کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیہ کررہا ہوں۔‘
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ شاہد بھائی ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
فاسٹ بولر نے بلا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان میں کوئی مصیبت آتی ہے تو شاہد آفریدی پاکستانیوں کی بہت مدد کرتے ہیں۔
نسیم شاہ نے اپیل کی کہ وہ اس کے ذریعے میرے علاقے لوئر دیر اور سوات میں سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
یاد رہے کہ نسیم شاہ نے جس بیٹ سے ایشیا کپ میں چھکے لگائے تھے وہ محمد حسنین کا تھا جسے انہوں نے نسیم شاہ کو بطور تحفہ دیا تھا۔