ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ویرات کوہلی کی عزت کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں، نسیم شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پاکستان ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا سامنا کرنے کے لیے بے تاب ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کوہلی کی عزت کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں۔

یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ بہت خاص نوعیت کا ہوتا ہے اور مجھے معلوم ہے کہ ان میچوں سے کھلاڑی ہیرو یا ولن بن سکتا ہے۔

اب چونکہ یہ مقابلے بہت کم ہوتے ہیں اس لئے یہ اور بھی خاص ہوتے ہیں۔ جب بھی موقع ملا میں بھارت کے خلاف کھیلنے کے لئے تیار رہوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے، سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے ویرات کوہلی کا احترام کرتا ہوں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا آسان نہیں ہوتا، لیکن یہیں آپ کو اپنے کھیل کو بہتر کرنا ہوتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہندستان کے خلاف اچھی بولنگ کر پاؤں گا، جب بھی موقع ملے گا میں اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ17سالہ پاکستانی بولر نسیم شاہ نے پچھلے سال انٹرنیشنل میں قدم رکھا تھا۔ نسیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں سب کو اپنی رفتار اور بال سوئنگ کی مہارتوں کا دیوانہ بنالیا۔

نسیم چند ماہ قبل راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کرکٹ میچ میں ہیٹ ٹرک اسکور کرنے والے کم عمر ترین بولر ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں