لاہور: پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسپیڈ اسٹار نسیم شاہ کو دورہ آسٹریلیا کے بعد ان کے انڈر 19 کوچ اعجاز احمد نے واپس مانگ لیا۔
ایک ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں اعجاز احمد نے بتایا کہ وہ مصباح الحق سے نسیم شاہ کی انڈر 19 میں واپسی کے لیے کہیں گے کیونکہ آئندہ سال انڈر 19 کا ورلڈکپ ہے اور نسیم شاہ ہمارے اہم ہتھیار ہیں۔
انڈر 19 ٹیم کے ہیڈکوچ نے کہاکہ نسیم شاہ کو ان کی بولنگ کی خصوصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی کنڈیشنز میں کھیلا جائے جو اس کے لیے مناسب ہو، جیسے جنوبی افریقا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ وغیرہ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت نسیم شاہ کی اشد ضرورت ہے ، آئندہ برس جنوبی افریقا میں انڈر 19 کا ورلڈکپ ہے جس میں پیسر ہمارے سب سے اہم ہتھیار ثابت ہوں گے اس لیے وہ مصباح الحق سے نسیم شاہ کو واپس بھیجنے کی سفارش کریں گے۔
باصلاحیت بولر نسیم شاہ نے 16 سال اور 279 دن کی عمر میں ڈیبیو کرکے آسٹریلیا کے آئن کریگ کا ریکارڈ توڑا تھا ، نسیم شاہ سے قبل آئن کریگ نے 17 سال 239 دن کی عمر میں آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کیا تھا۔
نسیم شاہ ہمت، حوصلہ اور جنون سے سرشار ہیں، ان کی بولنگ اسپیڈ 140 سے زیادہ ہے، لائن اور لینتھ بھی بہترین ہے، نیوزی لینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر شین بونڈ جیسے ایکشن سے بولنگ کرنے والے نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین بولر ہیں۔
نسیم شاہ آسٹریلیا اے کے خلاف شاندار بولنگ کرکے دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں، ٹیسٹ کے نمبر ایک بیٹسمین اسٹیو اسمتھ بھی نسیم کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے تھے۔