پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی لندن میں کاندھے کی سرجری ہوگئی ہے وہ 4 سے 6 ہفتے مکمل آرام کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں بھارت سے مقابلے کے دوران کاندھے کی انجری کا شکار ہوکر پہلے ایشیا اور پھر کل سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ آئی سی سی ورلڈ کپ سے مکمل طور پر باہر ہو جانے والے پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی سرجری کر دی گئی ہے۔
نسیم شاہ کی کاندھے کی سرجری انگلینڈ میں ہوئی ہے جس کے بعد وہ 4 سے 6 ہفتے مکمل آرام کریں گے اور ری ہیب مکمل کرنے کے بعد دوبارہ کرکٹ کے میدان میں جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہوں گے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ کی کاندھے کی سرجری ماہر ڈاکٹروں نے تجویز کی تھی جن کی ہدایت پر فوری عمل کرتے ہوئے پی سی بی نے اپنے اہم بولر کے کیریئر اور جلد صحتیابی کے لیے فوری قدم اٹھایا۔
نسیم شاہ کی جگہ سینیئر بولر حسن علی کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی عدم موجودگی میں پاکستان کا خطرناک مانے جانے والا بولنگ اٹیک بے دانت کا شیر ثابت ہو رہا ہے۔
’ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی‘
پاکستان ٹیم اپنے دونوں وارم اپ میچز نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہار چکی ہے۔ پہلے میچ میں پاکستانی بولرز بیٹرز کی جانب سے کیویز کو دیا گیا 346 رنز کے بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے جب کہ دوسرے وارم اپ میچ میں بولرز نے رنز کی سخاوت کرتے ہوئے کینگروز کو 350 رنز کا تحفہ دیا۔