لاہور: نجی ٹی وی چینلز کے پروگرام میں گانوں کے بول سن کر اُس کے موسیقار،شاعر، فلم کا نام اوراداکاروں کے نام بتا کر شہرت پانے والے نصیر بھائی انتقال گئے۔
تفصیلات کے مطابق گانوں کے انسائیکلو پیڈیا کہلانے والے نصیر بھائی اب ہم میں موجود نہیں رہے، مرحوم نصیر بھائی طویل عرصے سے ذیابیطس اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے تا ہم چند روز قبل طبعیت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں چند روز زیر علاج رہنے کے بعد وہ کل خالقِ حقیقی سے جاملے
مختلف نجی چینل کے پروگرام میں لوگوں کے چیلینج کو قبول کرنے والے نصیر بھائی لمحض گانے کے بول سن کر گانے کی پوری تاریخ بیان کر دیتے تھے وہ گانے کے موسیقار، شاعر، فلم اور فلم کے ہیرو ہیروئن کے نام بتا کر سب کو حیران کر دیتے تھے۔
نجی چینل کے مطابق نصیر بھائی 1949 میں یکی گیٹ لاہور میں پیدا ہوئے،نصیر بھائی کے والد کی موسیقی کی کیسٹ کی دکان تھی جہاں سے نصیر بھائی کو موسیقی کا ریکارڈ جمع کرنے کا شوق پیدا ہوا،اس شوق میں انہوں نے پاک بھارت فلم اندسٹری میں ریکارڈیافتہ اور غیرریکارڈیافتہ گانے زبانی یاد کر رکھے تھے۔
وہ نہ صرف گانے یاد رکھتے تھے بلکہ نصیر بھائی نغموں کے بول سن کر اس کے شاعر، گلوکار، موسیقاراور فلم کانام بتانے میں مہارت رکھتے تھے اپنی نوعیت کہ اس انوکھے ٹیلینٹ کے باعث نصیر بھائی موسیقی اور فلمی دنیا سے دل چسپی رکھنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔