کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع ایک نجی اسپتال میں ایشیا کے طویل القامت شخص نصیر سومرو کی عیادت کی۔
گورنر سندھ نے اسپتال میں آمد کے موقع پر ڈاکٹروں کی جانب سے نصیر سومرو کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ نصیر سومرو ہمارا قومی اثاثہ ہیں، ان کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ گورنر سندھ نے نصیر سومرو کو مالی مدد کا چیک بھی دیا۔
علاج کے لیے اسپتال میں داخل نصیر سومرو نے مسلسل ماہانہ مالی تعاون پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔
دریں اثنا، گورنر سندھ نے شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی رہائش گاہ پر ان کے والد اور بھائی سے ملاقات کی، اور شہید کی بہادری پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا، گورنر سندھ نے کہا مادر وطن کے دفاع کے لیے کاشف علی کی قربانی سنہری حرفوں سے لکھی جائے گی۔