کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے مزدوروں کو اغوا کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ چھتر کے علاقے شاہ پور میں پیش آیا جہاں مزدور ٹریکٹر ٹرالی پر ریتی بھرنے میں مصروف تھے کہ اچانک مسلح ملزمان نے انہیں یرغمال بنالیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان تمام مزدوروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے اور جاتے جاتے ٹریکٹر ٹرالی کو نذر آتش کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردی گئی ہے، فوری طور پر اغوا کئے گئے مزدوروں کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی ہے. واقعے کے بعد مزدوروں میں سخت خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نصیرآباد بڑی تباہی سے بچ گیا، مبینہ دہشت گرد گرفتار
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی کوئٹہ کے نواحی علاقے اسپین کاریز میں کوئلے کی کان کے چار ملازمین کو اغوا کرلیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کیے گئے ملازمین میں ایک انجینیئر اور 3 کان کن شامل ہیں۔
اس سے قبل بھی بلوچستان میں کان کنوں کے اغوا اور قتل کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، گزشتہ سال جنوری میں مچھ میں فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق اور متعدد کو زخمی کردیا گیا تھا۔