ممبئی: ممتاز بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتی کپتان کو دنیا کا سب سے بدتہذیب کھلاڑی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نصیر الدین شاہ کے فیس بک اسٹیٹس نے ویرات کوہلی کے مداحوں کو چراغ پا کر دیا۔ سینئر اداکار نے ویرات کو دنیا کا سب سے بدتمیز کھلاڑی ٹھہرایا ہے۔
اداکار نے لکھا کہ ویرات کوہلی دنیا کا بہترین کھلاڑی ہی نہیں، بلکہ وہ برے برتاؤ میں بھی سرفہرست ہے۔
نصیر الدین شاہ نے مزید کہا کہ بہ طور کرکٹر اس کی صلاحیت اور مہارت اپنی جگہ، مگر ساتھ ہی وہ ایک متکبر اور بدتمیز شخص بھی ہے۔
انھوں نے طنزاً لکھا کہ میں اپنے اس بیان کے بعد یہ ملک قطعی نہیں چھوڑوں گا، چاہے کچھ ہوجائے۔
مزید پڑھیں: ٹاس کیلئے شارٹس پہن کر آنے پر ویرات کوہلی کو شدید تنقید کا سامنا
یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل بھارتی کپتان نے اپنے ناقدین کو ایک ایسا انوکھا مشورہ دیا تھا، جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا، ویرات کوہلی نے کہا تھا کہ جنھیں ان کی بیٹنگ پسند نہیں، وہ ملک چھوڑ سکتے ہیں۔
ایک جانب جہاں کوہلی کے اس عجیب و غریب بیان پر تنقید کی گئی، وہیں بہت سے افراد نے ان کی حمایت کی۔
سوشل میڈیا پر ویرات کے مداحوں نے اب سینئر اداکار کو نشانے پر رکھ لیا ہے اور ان پر کڑی تنقید کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔