اشتہار

عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ابھی کرونا وائرس ختم نہیں ہوا، ٹیسٹ کچھ کم ہوئے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ کرونا وائرس بالکل ختم ہوجائے، عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا، علما کا اہم کردار ہے، علما کرام سے کہیں گے کہ لوگوں کو سمجھائیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس تو ابھی آیا ہے، پولیو تو سالوں سے ہے، پولیو ویکسین پلانے کے لیے بھی حکومت کو مہم شروع کرنی پڑتی ہے۔ پولیو ورکرز گلی محلوں میں جاتے ہیں تو ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نا اہلی ہر شعبے میں سامنے آچکی ہے، ڈالر آسمان پر پہنچ گیا ہے، روزمرہ کی چیزیں بھی مہنگی ہیں۔ معاشی ٹیمیں حکومت نے خود بدلی ہیں، بار بار ایف بی آر چیئرمین، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزرا بدلتے رہتے ہیں، پوچھیں کیا کارکردگی ہے تو یہ پچھلی حکومتوں پر چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں کمی نہیں کی جاسکتی، اس میں اضافہ کیا جاتا ہےِ، سندھ کا حصہ ضرور ملنا چاہئیے، یہ آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ سندھ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کا کام کے ایم سی اور ڈی ایم سی کرتے ہیں، کروڑوں روپے ہر سال نالوں کی صفائی کے لیے دیے جاتے ہیں لیکن یہ اپنا کام چھوڑ کر تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش میں کہیں مشکلات آئی ہیں تو وہ بس ڈھائی گھنٹے کے لیے تھیں، جن کے گھروں میں پانی گیا ان سے ہم معذرت خواہ ہیں۔ جہاں مشکلات آئی ہیں وہ گرین لائن کی تعمیرکی وجہ سے آئی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں