کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں شامل ہونے کیلئے ایم کیوایم کو سندھ کی تقسیم کےایجنڈے سے دستبردار ہونا ہوگا،2023میں بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان پیر کو حلف اٹھائیں گے۔
مراد علی شاہ کو سندھ کے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کیا گیا ہے، جبکہ آغاسراج درانی کو اسپیکر سندھ اسمبلی اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اراکین اسمبلی کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے وارننگ دی ہے، بلاول نے گڈ گورننس ،شفافیت اور میرٹ پر زور دیا ہے، 2023میں بلاول بھٹو ملک کےوزیراعظم بنیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ناصرحسین شاہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنانےکیلئےجارہی ہے، ملک کیلئے جو چیز بہتر ہوگی اس کی حمایت کریں گے۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کے لئے مراد علی شاہ کو نامزد کر دیا
سندھ میں حکومت سازی کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، سب سے بات چیت کریں گے، تاہم سندھ کی تقسیم کی بات کسی صورت قبول نہیں کریں گے، حکومت میں شمولیت کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو سندھ کی تقسیم کے ایجنڈے سے دستبردار ہونا ہوگا۔