کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، حکومت سندھ کے لیے عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کے تحت کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی، فی الحال صرف آن لائن کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنگامی حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو صورتحال کچھ اور ہوتی۔
مزید پڑھیں: جب تک لاک ڈاؤن ہے، ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، سندھ حکومت کا اعلان
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن واحد طریقہ ہے جس کو دنیا بھر نے کرونا پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان میں اگر نمبر خطرناک نہیں تو شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے ٹھیک ٹائم پر لاک ڈاؤن کردیا تھا اب بجائے لاک ڈاؤن کو مزید نافذ کریں ہم کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن نرم کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک لاک ڈاؤن ہے ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، ٹرانسپورٹرز نے ہر حالات میں ہمارا ساتھ دیا ہے، انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔