کراچی: وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے اور پیغامات مفت کردے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ احساس پروگرام میں پیغامات پر موبائل کمپنیاں کٹوتی کررہی ہیں، احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے،ناصرحسین شاہ
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیغام بھیجنے کے اخراجات بھی وفاقی حکومت کو برداشت کرنےچاہییں، وفاقی حکومت احساس پروگرام پر پیغامات مفت کردے، پیغامات مفت کرنے سے عوام کو مزید سہولت میسر ہوگی۔
یاد رہے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاون کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا گیا۔
اس پروگرام کے مستحقین میں دیہاڑی دار افراد اور مزدور سر فہرست ہیں جو کہ حفاظتی اقدامات کے باعث گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کا آغازا یس ا یم ا یس مہم کے ذریعے کیا گیا ہے، شہری 8171 پرایس ایم ایس بھیج کر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی اہلیت کو جانچ سکیں۔
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا کل بجٹ 144 ارب روپے ہے، جس سے ایک کروڑ بیس لاکھ خاندان مستفید ہوں گے اور ہر خاندان کو 12000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔