جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

بوتلوں میں شراب نہیں شہد اور زیتون کا تیل تھا، ناصر حسین شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی بوتلوں میں شراب نہیں شہداورزیتون کاتیل تھا، چیف جسٹس خودشرجیل کا میڈیکل چیک اپ کرالیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلوں کی برآمدگی پر پی پی رہنما ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بوتلوں میں شراب نہیں شہداورزیتون کاتیل تھا، چیف جسٹس کیلئے ہمارے دل میں بڑا احترام ہیں، چیف جسٹس خود شرجیل کا میڈیکل چیک اپ کرالیں۔

ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ اسپتال کے کچن سے ملنے والی بوتلوں کا بھی ٹیسٹ کرالیا جائے، شرجیل میمن کی سرجری ہوئی ہے، انھیں اب بھی دو سے تین ہفتے ڈریسنگ کی ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سرجری ریکارڈ کا حصہ ہے، بے شک انکوائری کرالی جائے، شرجیل میمن کے ڈرائیور اور ملازمین کی بلاجواز گرفتاری کی گئی۔

یاد رہے الصبح چیف جسٹس نے ضیاء الدین اسپتال کا مختصر دورہ کیا اور وہاں زیرعلاج شرجیل میمن کے کمرے میں گئے، جہاں پیپلزپارٹی کے رہنما کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں تھیں۔

مزید پڑھیں : چیف جسٹس کا ضیاء الدین اسپتال کا دورہ‘ شرجیل میمن کےکمرے سےشراب کی بوتلیں برآمد

بعد ازاں چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیسز کی سماعت کے دوران کہا کہ شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی 3بوتلیں ملیں، اٹارنی جنرل کہاں ہیں؟ جائیں دیکھیں۔

انہوں نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انورمنصور خان صاحب! ذرا اس طرف بھی توجہ دیں، آپ نے بہت اچھے کام کیے مگر یہ دیکھیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ جب شرجیل میمن سے شراب کی بوتلوں سے متعلق پوچھا تو کہا کہ میری نہیں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں