منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

نسلہ ٹاور: اینٹی کرپشن کا ایس بی سی اے دفتر پر چھاپا، ڈی جی ٹیم کو دیکھ کر دفتر سے غائب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: نسلہ ٹاور کیس کے سلسلے میں آج اینٹی کرپشن نے ایس بی سی اے دفتر پر چھاپا مارا، تاہم ٹیم کو دیکھ کر ڈائریکٹر جنرل دفتر سے غائب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مشہور نسلہ ٹاور کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد اینٹی کرپشن بھی ایکشن میں آ گیا ہے، اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے منگل کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپا مارا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کو آتے دیکھ کر ڈی جی ایس بی سی اے سلیم رضا کھوڑو بغیر کچھ بتائے دفتر سے نکل گئے، جب کہ ٹیم نے ادارے کے افسران سے نسلہ ٹاور کے حوالے سے پوچھ گچھ کی، ٹیم نے بالخصوص ڈائریکٹر ایسٹ سے بھی پوچھ گچھ کی۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے 2013 میں تعینات افسران کے نام اور ادارے میں ان کی تعیناتی کے نوٹیفیکشنز طلب کر لیے ہیں، تاہم ایس بی سی اے افسران نے کسی بھی معلومات دینے سے گریز کیا۔

نسلہ ٹاور کے نقشے کی منظوری دینے والے افسران کے نام سامنے آگئے

افسران نے اینٹی کرپشن ٹیم کو جواب دیا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کی اجازت کے بغیر کوئی ریکارڈ نہیں دے سکتے، دوسری طرف اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ریکارڈ اور تعیناتیوں کے نوٹیفیکشنز ملنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے نسلہ ٹاور کی تعمیرات اور منظوری کے سلسلے میں باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں اینٹی کرپشن ٹیم نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ اور فائلوں کی چھان بین کی۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اینٹی کرپشن ٹیم نے نسلہ ٹاور کی منظوری کی فائل بھی طلب کی ہے، جب کہ چھاپے کے دوران ٹیم نے ڈائریکٹر ڈیزائن فرحان قیصر سے خصوصی پوچھ گچھ کی۔

اہم ترین

مزید خبریں