چٹاگانگ : آسٹریلوی باؤلر ناتھن لایون کی تباہ کن باؤلنگ کے بدولت آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 377 رنز پر 9 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا لیکن آسٹریلوی ٹیم اسکور میں اضافہ نہ کرسکی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صرف 43 رنز پر ان کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے لیکن پھر صابر رحمان اور کپتان مشفیق الرحیم نے ٹیم کے اسکور میں 54 رنز کا اضافہ کیا۔
آسٹریلوی باؤلر ناتھن لایون نے صابر کو آؤٹ کردیا جس کے بعد کپتان مشفیق الرحیم نے 31 اور مومن نے 29 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں اضافہ کیا تاہم بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
خیال رہے کہ پہلی اننگز میں برتری کے باعث آسٹریلیا کو میچ میں جیت کے 86 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ ناتھن لایون شاندار باؤلنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ ڈیوڈ وارنر اور ناتھن مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز کی ٹرافی کے حقدار قرار پائے۔